بھٹکل:5/ مارچ (ایس اؤنیوز)ملک میں اگر کوئی اپنی ہی ذات کو سب سے اعلیٰ بتاتا ہے تو وہ بے وقوف ہے۔ روحانی افکار میں غرق ہونےو الا ہی سب سے اعلیٰ ہوتاہے۔ دنیا روحانی افکار کے سامنے سر جھکاتی ہے۔ ان خیالات کااظہار شری رام اکشھتر دھرمستھل کے شری برہمانند سرسوتی سوامی جی نے کیا۔
وہ یہاں کریکال میں نوتعمیر شدہ ’’دھیان کٹیر‘‘ عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد عوام سے خطاب کررہے تھے۔ سوامی جی نے کہاکہ دنیا میں جتنی جائز باتیں ہیں وہ سب مذہب کے دائرے میں آتی ہیں، اگر ہم مذہب پر عمل کریں گے تو مذہب ہماری حفاظت کرتاہے۔ سوامی جی نے کہاکہ ساری دنیا آپسی تال میل اور تعاون پر چلتی ہے۔ ایک دوسرے کی مددکرنا ،ان کا تعاون کرنا، دوسروں کو سہارا دینا،یہ سب بھگوان کو دیاجانے والا ٹیکس ہے۔ سماجی نظام میں نشیب و فراز فطری ہیں، فطرت کسی کاانتظار نہیں کرتی ۔ جیسی ہماری نظر ہوگی ویسی ہی ہماری فطرت ہوگی۔ نیک عمل سے ہی نجات حاصل ہوگا۔
پروگرام کی صدار ت کرتے ہوئے رکن اسمبلی منکال وئیدیا نےکہاکہ ملک کی ترقی کے لئے تعلیم ضروری ہے ، جب تعلیم کے ساتھ عاجزی ،ہمدردی ، مستعدی ، وفاداری جیسے صفات سے متصف ہوتے ہیں تو تعلیم اعلیٰ مقام حاصل کرتی ہے۔ سابق وزیر شیوانند نائک نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سوامی جی سماج کو مستحکم و مضبوط بنانے کے لئے کوشاں ہیں ،انہوں نے سماج کے رئیس اور لیڈران سے اپیل کی کہ وہ مٹھ کے کاموں میں تعاون کریں۔
راجیہ سبھا ممبر بی کے ہری پرساد ، سابق رکن اسمبلی رگھوپتی بھٹ، آریا اڈگ سنگھ کے ریاستی صدر تمے گوڈا نے بھی خطاب کیا۔ سابق رکن اسمبلی جے ڈی نائک، ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر، تعلقہ پنچایت صدر ایشورنائک، نائب صدر رادھا اشوک وئیدیا، پشپا نائک، سندھو بھاسکر نائک، دھیان کٹیر کے لئے زمین کا عطیہ کرنے والے صنعت کار ایل ایس نائک، جے این نائک، ڈی بی نائک، آئی ایف ایس افسر دامودر اے ٹی ، ہائی کورٹ کے وکیل ناگیندر نائک، وی این نائک، این ڈی کھاروی ، وامن نائک وغیرہ موجود تھے۔ نچل مکی مندر انتظامیہ کے صدر ایم آر نائک نے استقبال کیا۔ کرشنپا پجاری نے افتتاحی کلمات پیش کئے ۔ وینکٹیش نائک تلگوڈ نے شکریہ اداکیا۔ نارائن نائک اور منجوناتھ نائک نے پروگرام کی نظامت کی۔